19 جولائی 2026 - 15:31
گورنر کربلا نے اربعین کے لیے جامع سکیورٹی اور خدماتی منصوبے کا اعلان کر دیا

عراق کے صوبہ کربلا کے گورنر نصیف جاسم الخطابی نے کہا ہے کہ اربعینِ امام حسینؑ کے موقع پر سکیورٹی اور خدمات کا منصوبہ حالات کے مطابق لچکدار ہوگا، جبکہ تمام سرکاری اداروں اور صوبوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کے صوبہ کربلا کے گورنر نصیف جاسم الخطابی نے اعلان کیا ہے کہ اربعینِ امام حسینؑ کے لیے تیار کیا گیا سکیورٹی اور خدماتی منصوبہ لچکدار ہوگا تاکہ ضرورت کے مطابق انتظامات میں فوری ردوبدل کیا جا سکے۔

عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، انہوں نے بتایا کہ اربعین کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور مختلف صوبوں کے درمیان اعلیٰ سطح پر مکمل رابطہ اور ہم آہنگی قائم ہے۔

گورنر کربلا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اربعین کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں تمام سکیورٹی اور خدماتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اجلاس کا مقصد نیا منصوبہ تیار کرنا نہیں بلکہ پہلے سے مرتب کردہ منصوبے کا جائزہ لینا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ عراقی وزیر اعظم نے زائرین کی آمد و رفت کے لیے بسوں کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ نقل و حمل کے انتظامات بہتر بنائے جا سکیں۔

نصیف جاسم الخطابی نے کہا کہ اربعین کے عظیم اجتماع کی حقیقی تصویر دنیا تک پہنچانے میں ذرائع ابلاغ کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے اربعین کے انتظامات کی نگرانی میں عراقی وزیر اعظم کے دفتر کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ صوبہ بصرہ نے کربلا کی معاونت میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے بجلی کی فراہمی کو اربعین کے انتظامات میں سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ زیارتِ اربعین کے دوران کربلا کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور بجلی کے مسئلے کا فوری حل نکالا جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha